زمان خان حقیقی معنوں میں ایک گفٹ ہے، عاقب جاوید

March 22, 2023

جنگ فوٹو: عاقب جاوید

پاکستان سپر لیگ کی لگاتار دو مرتبہ چیمپئن بننے والی پہلی ٹیم لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ زمان خان حقیقی معنوں میں ایک گفٹ ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ہم نے زمان خان کو اس کی مہارت کی اتنی پہچان کرا دی ہے کہ اس کو یقین ہو گیا ہے کہ وہ کیا کیا کر سکتا ہے، ان جیسے کھلاڑی نایاب ہوتے ہیں بار بار پیدا نہیں ہوتے ،وہ تھرمو اسٹیٹ کی طرح کام کرتے ہیں اگر ایک جگہ سیٹ کر دیا تو وہ پھر 24 گھنٹے وہی کرتے ہیں جبکہ باقی تھرمامیٹر ہوتے ہیں خوشی سے اوپر غم میں نیچے چلے جاتے ہیں۔

لاہور قلندرز کی کارکردگی کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ ہم نے ایک طریقہ کار کے مطابق کام کیا، اس میں مشکلات بھی پیش آئیں بہت تجربات کیے، کبھی برینڈن میکلم کو تو کبھی اے بی ڈویلیئرز کو لائے، بڑے ناموں کو لانے سے بھی بات نہ بنی کیونکہ جب تک مقامی کھلاڑیوں کی اسٹرنتھ نہیں ہو گی کامیابی نہیں مل سکتی، چار غیر ملکی کھلاڑی آپ کو لیگ نہیں جتوا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ سب سے اہم آپ کا ایمرجنگ پلیئر ہوتا ہے اس کے لیے ہم نے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا، لوگ اس کے لیے ہمیں گالیاں دیتے تھے، مذاق اڑاتے تھے اس کے بعد ہم نے ویلیو ایبل پلیئرز کو اکٹھا کرنا شروع کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ فخر زمان 7 سال سے ہمارے ساتھ ہے، 6 سال شاہین شاہ آفریدی کو اور 5 سال حارث رؤف کو ہو گئے ہیں، راشد خان ہمارے ساتھ تین سال سے ہے، اچھے پلیئرز آپ کے پاس آ جائیں تو پھر جانے نہیں دیے جاتے، اب آٹھ نو کھلاڑی تو آپ کے پاس رہتے ہیں اس کا مطلب آپ کی ٹیم بن چکی ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ان پچز پر بیٹنگ تو سبھی کر لیتے ہیں بولنگ کرنا کمال ہوتا ہے، ہمارے پاس ایسے بولرز ہیں جنہیں دنیا مانتی ہے، ہمارا سافٹ ٹارگٹ ڈیوڈ ویسا ہوتا ہے لیکن اس کی بھی سب سے زیادہ 5 وکٹیں ٹی ٹوئنٹی میں ہیں۔

ان کا ماننا ہے کہ پی ایس ایل کا کام سارا سال کرنا پڑتا ہے اور یہ کام مینجمنٹ کر رہی ہوتی ہے جبکہ ایونٹ کے دوران کپتان کا عمل دخل ہوتا ہے، اگر وہ جاندار طریقے سے لیڈ کر رہا ہے تو یہ سب سے شاندار چیز ہے، ہم شاہین آفریدی کو کنفیوز نہیں کرتے پوری آزادی دیتے ہیں جس کا جو کام ہے اسے وہ کرنے دینا چاہیے باہر بیٹھ کر مینجمنٹ کرنے سے نتائج حاصل نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی فیصلے خود کرتا ہے، انہوں نے خود بیٹنگ اوپر کرنے کا فیصلہ کیا اور ثمین رانا نے انہیں سپورٹ کیا، دوسرا ہم نے ایک کلچر بنایا ہے یہ حقیقت میں ایک فیملی ہے ہم قلندرز دل سے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پہلے راشد خان نے کہا تھا کہ کھیلوں گا تو صرف لاہور قلندرز سے کھیلوں گا اور بھی ایسا کہہ رہے ہیں۔

لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ڈیوڈویسا اور سکندر رضا نے بھی کہنا شروع کر دیا ہے کہ کھیلنا صرف لاہور قلندرز سے ہے، ہم فیملی ہیں ہماری ٹیم میں جیت بھی سب کی ہے اور ہار بھی سب کی ہے۔