گلے میں خراش سے نجات حاصل کرنے کیلئے گھریلو ٹوٹکے

March 24, 2023

فائل فوٹو

موسم کی تبدیلی کے دوران تقریباً ہر دوسرا شخص ہی گلے میں خراش کے مسئلے کا شکار نظر آتا ہے۔

آج کل موسمی نزلہ زکام، ایڈینو وائرس اور کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد بہت سے لوگوں کو طویل عرصے سے گلے میں خراش، کھانسی اور بخار جیسی صورتحال کا سامنا کرر ہے ہیں۔

ایسے میں گلے کی خراش یا کھانسی سے جلد نجات حاصل کرنے کے لیے ماہرین صحت ایسی غذائیں لینے کی تجویز دیتے ہیں جوکہ گلے کو نمی فراہم کریں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کو گلے میں خراش یا کھانسی کا سامنا ہے تو سب سے پہلے تو اس مریض کو کچھ عرصہ اپنے گلے کو آرام دینا چاہیئے یعنی اگر وہ کسی ایسے پیشے سے وابستہ ہے جہاں اسے بولنا پڑتا ہو تو اسے فوراََ اپنے کام سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لینا پڑے گا۔

ماہرین نے تجویز دی کہ گلے کو نمی فراہم کرنے کے لیے پانی، گرم سوپ اور دیگر گرم مشروبات جیسے چائے اور کافی پی جاسکتی ہے لیکن ساتھ ہی یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ اگر یہ مشروبات حد سے زیادہ پیئے جائیں گے تو یہ تیزابیت کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

ایسی صورتحال میں جلد صحت یاب ہونے کے لیے تازہ پھل اور نیم پکی ہوئی سبزیوں کا استعمال کرنا چاہیئے۔

اس کے علاوہ، دلیا اور کھچڑی جیسی آرام دہ غذائیں بھی خوراک میں شامل کی جا سکتی ہیں۔

ماہرین کی جانب سے نمک ملے نیم گرم پانی سے غرارے کرنا، ہیومیڈیفائر کے استعمال اور اگر ہیومیڈیفائر کی عدم دستیابی میں بھاپ لینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔