اداکارہ پوجا بھٹ کا کورونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آگیا

March 24, 2023

بالی ووڈ کی معروف اور سینئر اداکارہ پوجا بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

اداکارہ نے اس حوالے سے خبر شیر کرتے ہوئے ایک ویڈیو پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے جس میں بچے اور بڑے 2020 میں کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران برتن اور دھاتی اشیا بجاتے اور پیٹتے ہوئے بیماری کو بھگانے کا اعلان کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک ٹوئٹر صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی، اور ساتھ میں کیپشن لکھا کہ تین برس قبل اسی دن بھارتیوں نے وزیراعظم مودی کے مشورے پر ملک سے کورونا وائرس کو بھگانے کے لیے برتن بجائے اور پیٹے تھے۔

اس ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے پوجا بھٹ نے لکھا، اور اب ٹھیک تین برس بعد میرا کورونا وائرس ٹیسٹ پہلی بار پازیٹو آیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ لوگ ماسک پہنیں، کیونکہ کورونا اب بھی ہمارے ارد گرد موجود ہے اور مکمل ویکسی نیشن کے باوجود آپ کو لاحق ہوسکتا ہے، امید ہے کہ میں جلد وبا سے نجات حاصل کر لوں گی۔

اس حوالے سے ان کے بہت سارے دوستوں اور فالوورز نے ٹوئٹر پر ان کی فوری صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، جس پر پوجا نے ان تمام کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ پوجا بھٹ گزشتہ برس ایک تھریلر ’چُپ:، اے ریوینج آف آرٹسٹ‘ میں نظر آئی تھیں، جبکہ اس سے قبل وہ اپنے والد مہیش بھٹ کی فلم صدق ٹو اور ایک ویب شو بومبے بیگمز میں دیکھی گئیں۔