کینیڈا کے سابق وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اور امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے درمیان رومانوی تعلقات کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔
کینیڈا کے سابق وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اور عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کو مونٹریال کے ایک پُرتعیش ریستوران میں کھانے پر ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں کیٹی پیری کو کھلکھلا کر ہنستے ہوئے اور ٹروڈو کے قریب بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں نے کاک ٹیلز سے شام کا آغاز کیا اور لوبسٹر سمیت متعدد پکوان کھائے، اگرچہ ملاقات کی نوعیت واضح نہیں، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں شخصیات حال ہی میں اپنی پرانی محبتوں سے علیحدہ ہو چکی ہیں۔
کیٹی پیری رواں ماہ اداکار اورلینڈو بلوم سے کئی سال بعد علیحدہ ہوئیں، جبکہ جسٹن ٹروڈو نے اگست 2023ء میں اپنی اہلیہ صوفی گریگوار سے 18 سالہ رفاقت ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس خبر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا، فین پیجز پر TruPerry# جیسے ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں، جہاں صارفین یہ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ کیا یہ ملاقات صرف دوستانہ تھی یا کسی نئی رومانوی کہانی کا آغاز ہے؟
ٹروڈو، پیری یا ریستوران کی انتظامیہ میں سے کسی نے اس ملاقات پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔