بشریٰ انصاری نے اپنے پہلے شوہر، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر اقبال انصاری کو ایک روایتی پاکستانی مرد قرار دے دیا۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، مصنفہ، گلوکارہ اور میزبان بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اپنی پہلی شادی اور سابق شوہر سے متعلق دل کھول کر بات کی ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے ان پہلوؤں پر روشنی ڈالی جنہیں وہ برسوں تک نجی رکھتی رہی ہیں۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں نے ہمیشہ شادی کو ایک فلمی یا پریوں کی کہانی جیسا سمجھا تھا کیونکہ میرے والدین کی ازدواجی زندگی نہایت خوشگوار تھی، اسی امید پر میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی، تاہم جلد ہی حقیقت کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے سابق شوہر اقبال انصاری کی توجہ اکثر گھریلو کاموں اور سرگرمیوں پر مرکوز رہتی تھی کہ میں کیا کر رہی ہوں اور کیا نہیں۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ہمارے والد نے اپنی بیٹیوں کے لیے معیار بہت بلند کر دیا تھا، جس کی وجہ سے ہم شادی سے بہت سی توقعات رکھتی تھیں۔
یاد رہے کہ بشریٰ انصاری اب اداکار و ہدایتکار اقبال حسین سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہیں، انہوں نے اپنی دوسری شادی کو بھی کئی سال چھپائے رکھا اور صرف قریبی افراد کو اس بارے میں آگاہ کیا تھا۔