پورے پاکستان میں 14 کروڑ افراد گنے جا چکے ہیں، چیف سینسس کمشنر

March 25, 2023

فائل فوٹو

چیف سینسس کمشنر پاکستان نعیم الظفر کا کہنا ہے کہ کراچی ابھی تک آدھے سے کچھ کم گنا گیا ہے،آدھے سے زائد کراچی گننا باقی ہے، پورے پاکستان میں 14 کروڑ افراد گنے جاچکے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےچیف سینسس کمشنر نے کہا کہ 2017 کی مردم شماری 3 سال کی تاخیر سے منظور ہوئی، چھٹی مردم شماری کے بعد لازمی تھا کہ ساتویں مردم شماری شفاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل، نمائندگی ہر صوبے کی آبادی کے لحاظ سے ہوتی ہے،اب تک 60 فیصد پاکستان کو گنا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پونے دو سال سے ڈیجیٹل مردم شماری کی تیاری کر رہے تھے، ڈیجیٹل مردم شماری کی منصوبہ بندی میں ڈیڑھ پونے دو سال لگے۔

نعیم الظفر نے کہا کہ پورے پاکستان میں 14 کروڑ افراد گنے جاچکے ہیں، پورے پاکستان کے چار کروڑ گھر ٹیگ ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اب تک 3 کروڑ 14 لاکھ افراد گنے جاچکے ہیں، کراچی میں 84 لاکھ 87 ہزار 430 افراد کو گنا جاچکا ہے۔