افغانستان سے سیریز میں شکست کے بعد مکی آرتھر کا قومی ٹیم کو مشورہ

March 27, 2023

مکی آرتھر۔۔۔فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے امیدوار مکی آرتھر کا بیان سامنے آ گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں مکی آرتھر نے نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ کار کرکٹرز کے ساتھ گروم کرنے کا مشورہ دے دیا۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق اور محمد حارث میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن فرنچائز کرکٹ کے مقابلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کا پریشر اور ذمے داریاں مختلف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو گروم کریں انہیں وقت دیں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع دیں، اس طرح جونوان کرکٹرز بہتر ہوں گے۔

واضح رہے کہ افغانستان نے اتوار کو 3 میچز پر مشتمل سیریز کے کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنزبنائے، جواب میں افغان ٹیم نے 20 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

افغانستان نے پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ انٹرنیشنل سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔