مکی آرتھر کا نوجوانوں کو تجربہ کار پلیئرز کیساتھ گروم کرنیکا مشورہ

March 28, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) افغانستان کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شکست کا ذمے دار پاکستان کرکٹ بورڈ کے تھنک ٹینک کو قرار دیا جارہا ہے جس نے سینئرز کو آرام دے کر جونیئرزکو موقع دیا لیکن پی ایس ایل میں دھوم مچانے والے نوجوان پلیئرز خود سے وابستہ توقعات پر پورا نہ اترسکے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ طور پر ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر نے نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ کار کرکٹرز کے ساتھ گروم کرنے کا مشورہ دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ نوجوان صائم ایوب، عبداللہ شفیق اور محمد حارث میں بہت ٹیلنٹ ہے، فرنچائز کرکٹ کے مقابلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کا پریشر اور ذمہ داریاں مختلف ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو گروم کریں انہیں وقت دیں اور تجربہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع دیں، اس طرح یہ کرکٹرز بہتر ہو ں گے۔