کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے ملک میں فیفا کے فٹ بال فار اسکولز پروگرام کا باضابطہ آغاز کردیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 3 ہزار سرکاری اسکولوں کے ذریعے 30 لاکھ طلبہ تک فٹ بال پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 50 سے زائد ماسٹر ٹرینرز نے تربیت مکمل کرلی ہے ۔ صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے اسے تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ گراس روٹس فٹ بال کا فروغ فیڈریشن کی حکمت عملی کا بنیادی حصہ ہوگا۔