سعودی عرب کی مقدس مساجد میں کیمرے کے استعمال سے متعلق نئی ہدایات

March 28, 2023

فوٹو، ٹوئٹر

سعودی حکومت کی جانب سے مسجدالحرام اور مسجدِ نبویﷺ میں تصاویر لینے سے متعلق چند نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

سعودی عرب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے جہاں اپنے کئی قوانین میں نرمی کی گئی، وہیں رمضان المبارک کے دوران عازمین کی بڑی تعداد میں عمرے کی ادائیگی کے لیے آمد پر مقدس مساجد میں تصاویر لینے سے متعلق نئی ہدایات دے دی گئی ہیں۔

ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان حج اور عمرے کے لیے مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا رخ کرتے ہیں لیکن لوگوں کی اکثریت عرب کے اصول و ضوابط سے ناواقف ہے۔

اس سلسلے میں، سعودی وزارت حج و عمرہ نے حجاج کرام کے لیے اسلام کے مقدس ترین مقامات پر تصاویر لینے اور ویڈیوز بنانے کے لیے رہنما اصولوں کی ایک نئی فہرست تیار کی ہے۔

حال ہی میں وزارت حج و عمرہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حرمین شریف کے تقدس کی روشنی میں عازمین کو دوسروں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے درج ذیل آداب پر عمل کرنا ہوگا۔

1- حجاج اجازت کے بغیر دوسرے لوگوں کی تصاویر نہیں کھینچ سکتے۔

2- حجاج کو نماز کے دوران دوسرے لوگوں کی تصاویر لینے کی اجازت نہیں ہے۔

3- حجاج کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عبادت کے دوران دوسرے لوگوں کو پریشان نہ کریں۔

اس سے قبل سعودی عرب میں حکّام نے رمضان کے مقدس مہینے کے دوران ایک سے زائد مرتبہ عمرہ کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

اس حوالے سے وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ عازمین کو رمضان المبارک کے دوران ایک سے زائد بار عمرہ کرنے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ ماہِ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران لاکھوں عازمین عمرے کی ادائیگی کے لیے مملکت کا رُخ کرتے ہیں، اس لیے یہ پابندی تمام عازمین کو آسانی اور آرام سے مناسک ادا کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے نافذ کی گئی ہے۔