آسٹریلیا: میلبورن میں واقع آرائشی نمونہ ہوٹل ایسٹ لنک، گزرنے والوں کیلئے ابہام

March 28, 2023

آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا کے شہر میلبورن کے مضافات میں شہر سے باہر موٹر وے کے ساتھ ہوٹل ایسٹ لنک واقع ہے۔ یہ دیکھنے میں دراصل بلند و بالا ہوٹل نظر آتا ہے، تاہم یہ صرف ایک غیر عمومی مجسمہ ہے۔

مقامی آرٹسٹ کالم مورٹن کا ڈیزائن کردہ ہوٹل ایسٹ لنک کا افتتاح 2007 میں ہوا، اور تب سے یہ گزرنے والی گاڑیوں کے مسافروں کو اپنے ڈیزائن کی وجہ سے مغالطے اور ابہام میں ڈال دیتا ہے۔

یہ قطعی طور پر اتنا بلند نہیں جتنا کہ ہائی رائز ہوٹل ہوتے ہیں، صرف 20 میٹر بلند، 12 میٹر چوڑا جبکہ 5 میٹر موٹا ہے۔

لیکن جب قریب سے تیزی سے ڈرائیونگ کرتے ہوئے گزریں تو پہلی نظر میں کافی مشکل ہوتا ہے کہ اس کے بارے میں کچھ کہا جاسکے۔ اسی لیے یہ کوئی اچنبھے کی بات نہیں کہ لوگ جب اسے آن لائن دیکھتے ہیں تو پھر وہ ریزرویشن کے لیے فون کرتے ہیں۔

رات میں تو یہ اور زیادہ کنفیوژنگ ہوجاتا ہے کیونکہ اسکی چند کھڑکیاں روشن کردی جاتی ہیں جس کی وجہ سے دیکھنے میں ایسا لگتا ہے کہ اس کے کمروں میں مہمان رہائش پذیر ہیں۔

لیکن اصل میں یہاں کوئی کمرے نہیں ہیں اور نہ ہی اس عمارت میں داخل ہوا جاسکتا ہے کیونکہ یہ ایک مجسمہ ہے جو کہ خالصتاً آرائشی نمونہ کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔