محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کالجوں کی کارکردگی کی نگرانی کریگا

March 29, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ کالج لرننگ مینجمنٹ سسٹم سے کالجز میں تعلیمی معیار کے جائزے اور سٹاف کی کارکردگی کو جانچنے میں مدد ملے گی۔ وہ آج ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان سے آئے آئی ٹی ماہرین کے وفد سے جنوبی پنجاب کے کالجز کیلئے وضع کردہ لائبریری مینجمنٹ، یومن ریسورسز، اٹینڈینس مینجمنٹ، اکیڈمک مینجمنٹ اور ڈیجیٹل کلاس رومز کی تشکیل سمیت مختلف ماڈیولز بارے تبادلہ خیال کر رہے تھے، اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز عطاء الحق، طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹریز محمد شاہد ملک، ڈاکٹر محمد عظیم قریشی سمیت دیگر افسران شریک تھے۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ میکانزم کی مدد سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نہ صرف کالجوں کی کارکردگی کی نگرانی کرے گا بلکہ کالج کی سطح پر فراہم کی جانے والی تعلیم کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی آئی ٹی ٹیم کو کالج کی سطح پر ڈیجیٹل لائبریریز، ہائی جین کلب، گروپ ڈسکشن کلب، رائٹنگ کلب اور بک ریڈنگ کلب کے قیام سمیت ٹیچر کورس پلان، سٹوڈنٹ انڈولمنٹ، فرینڈز آف کالج اور طلبہ کی کیرئیر کونسلنگ کیلئے ماڈیولز کی تیاری کا ٹاسک سونپتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر ان تمام اقدامات کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ماڈل گرلز و بوائز کالجوں میں رائج کیا جائے گا اور اس منصوبے کو جنوبی پنجاب کے تمام کالجوں تک توسیع دی جائے گی۔ اجلاس میں کالج پرفارمنس مانیٹرنگ سسٹم پراجیکٹ کے نام سے آن لائن ڈیش بورڈ کی تیاری پر سیکرٹری ہائی ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو بریفنگ دی گی۔