شاہین آفریدی انگلش ٹی 20 کھیلیں گے، ناٹنگھم شائر سے معاہدہ

March 31, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے برق رفتار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا ناٹنگھم شائر کاؤنٹی سے معاہدہ ہو گیا۔ جبکہ انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے سعود شکیل کیلئے انگلینڈ میں کر کٹ کے دروازے کھل گئے، ان سےیارک شائر کاؤنٹی نے ان فٹ کیوی پلیئر نیل ویگنر کی جگہ معاہدہ کیا ہے سعود کاؤنٹی کے ابتدائی میچز کھیلیں گے ، اگلی جمعرات کو ان کا ڈیبیو ہوگا۔ ادھر یارک شائر کے پاکستانی کپتان شان مسعود کی شروعات میں آمد مشکل ہوگئی ہے۔ وہ نیوزی لینڈ سیریز میں مصروف ہوسکتے ہیں ۔ دوسری جانب اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 20مئی سے شروع ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ناٹنگھم آؤٹ لاز کی نمائندگی کرینگے ۔ ان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر بیٹر کولن منرو بھی بطور غیر ملکی کرکٹر ناٹنگھم آؤٹ لاز کا حصہ ہیں۔ حسن علی نے ورکشائر کو جوائن کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، کاؤنٹی نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ حسن علی ہفتے کے روز انگلینڈ پہنچیں گے اور یکم اپریل کو ٹیم کا حصہ ہوں گے۔