گورنر ہاؤس میں بھی گیس نہیں آرہی، گورنر سندھ

March 31, 2023

فائل فوٹو

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں بھی گیس نہیں آرہی، جب پوچھو کہتے ہیں گیس نہیں آرہی، کوئی مجھ سے پوچھے تو صحیح میں باہر کھانا کھانے کیوں آرہا ہوں۔

کراچی میں گورنر سندھ نے فیڈرل بی ایریا میں عائشہ منزل پر سحری کی، ان کے ساتھ سینیئر رہنما ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ کو اپنے درمیان دیکھ کر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اس شہر میں سمندر ہے پانی نہیں ہے، بجلی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پتا چلا کہ کل جماعت اسلامی علامتی دھرنا دینے گورنر ہاؤس کے باہر آرہی ہے، میں نے حافظ صاحب سے کہا ہے کہ اگر شام کے وقت آئیں گے تو افطار میری طرف سے، اور رات میں آئے تو سحری میری طرف سے ہوگی۔

ڈاکٹر بیربل کے قتل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ ہے، آئی جی سندھ کو ملزمان ایک ہفتے کے اندر گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

گورنر سندھ نے مقتول ڈاکٹر بیربل کی بیٹی سپنا سے ٹیلی فون پر تعزیت کی اور ان کے والد کے قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت نے کہا تھا ہم گورنر ہاؤس کی دیواریں گرادیں گے اور گورنر ہاؤس میں کلاسیں کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے سفارتکاروں کی مدد سے 400 اسکالر شپس کنفرم ہوئی ہیں، صوبے کے دوسرے شہروں میں بھی جاؤں گا تاکہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ان سے مل سکوں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میری ٹیم نے بل گیٹس ٹیم سے بھی بات کی ہے، ہمیں ڈیڑھ دو لاکھ والا لیپ 80 سے 95 ڈالر میں دیا جائے تو وہ ہم 25 سے 30 ہزار میں اس نوجوان کو دیں جو کام کرنا چاہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی، سعودی عرب، عمان اور قطر کے قونصل جنرل بھی گورنر ہاؤس افطاری کے لیے آئے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے سفارتکاروں کو کہا ہے کہ ہمیں اسکالر شپ دیں، مجھے 400 تک اسکالر شپ کنفرم کردی گئی ہیں، صوبے بھر کی یونیورسٹیوں کو بھی کہا ہے کہ 100 فیصد اسکالر شپ دیں۔

گورنر سندھ نے گلبرگ کے علاقے میں نوجوان کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی، نوجوانوں کا کہنا تھا کہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ صوبے کا گورنر ہمارے درمیان موجود ہوگا۔