چند ججز عمران خان کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، فضل الرحمان

April 01, 2023

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمیں اس عدالت پر کوئی اعتماد نہیں ہے، چند ججز عمران خان کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ اخلاقی طور پر چیف جسٹس اور دیگر دو ججز کو اس کیس سے الگ ہوجانا چاہیے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کو ان تین ججز پر مشتمل بینچ پر اعتماد نہیں، عمران خان اداروں میں تقسیم چاہتے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ دھاندلی کے دو بڑے مجرم دندناتے پھر رہے ہیں، ان کے خلاف ازخود نوٹس نہیں لیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ایک رکھنے کیلئے ایک الیکشن ہونا ضروری ہے۔