بھارت: نوجوان کے محبوبہ پر چاقو کے وار، پتھر سے چہرہ کچل دیا

May 29, 2023

فائل فوٹو

بھارت کے دارالحکومت دہلی میں ایک اور ہولناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک لڑکے نے اپنی ہی محبوبہ کو بےدردی سے قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے علاقے شاہ آباد میں 20 سالہ ساحل نامی نوجوان لڑکے نے راہ چلتے اپنی 16 سالہ محبوبہ ساکشی پر چاقو سے وار کیے۔ یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا۔

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ساحل اور ساکشی کے درمیان دوست کے بیٹے کی سالگرہ میں جانے کے حوالے سے بحث ہوگئی تھی جس پر ساحل طیش میں آگیا اور ساکشی پر چاقو اور پتھر سے اس وقت تک وار کئے جب تک کہ اس کی موت واقع نہ ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ساحل نے ساکشی پر کم از کم بھی 20 وار کرکے اسے بے دردی سے قتل کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت گلی سے کئی لوگوں کا گزر ہوا لیکن کسی نے بھی ساحل کو روکنے کی کوشش نہیں کی، ساحل نے لڑکی کو پہلے چاقو سے وار کر کے قتل کیا اور پھر پتھر سے اس کا چہرہ کچل دیا تاکہ اس کی شناخت نہ کی جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پورا واقع سی سی ٹی وی میں محفوظ ہوگیا تھا جس کی مدد سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ساحل کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔