کراچی سے سابق رکن قومی اسمبلی جمیل احمد خان نے پی ٹی آئی چھوڑ دی

May 29, 2023

کراچی سے سابق رکن قومی اسمبلی جمیل احمد خان نے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔

کیپٹن (ر) جمیل احمد خان نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ لگ بھگ 13 سال تک پاکستان آرمی میں بطور کیپٹن خدمات سرانجام دیتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بڑے فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ اب ان کا بیٹا پاک فوج میں بطور لیفٹیننٹ ملکی دفاع میں مصروف ہے۔

سابق رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ساتھ ان کا ایک عقیدت اور محبت کا رشتہ ہے۔ سیاست اور پاکستان تحریک انصاف کو اس لیے جوائن کیا تھا کہ وہ اپنے ملک کی بہتر طریقے سے خدمت سرانجام دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے ان میں کچھ شرپسندوں نے ملکی تنصیبات، پاکستان فوج کی تنصیبات پر جلاؤ گھیراؤ کیا، ملک میں امن و امان کی صورتحال پیدا کی اور حکومت اور اسٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کیا۔

کیپٹن (ر) جمیل احمد کا کہنا تھا کہ وہ ایسے تمام واقعات کی پُرزور مذمت کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ایسے تمام افراد کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان واقعات سے دلبرداشتہ ہو کر اور دکھ کے ساتھ میں آج پاکستان تحریک انصاف سے الگ ہو رہا ہوں۔ میرے لیے میرا وطن پاکستان اور میری افواج بہت مقدم ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں بہت صلاحیت ہے۔

سابق رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ ملک بہت عظیم مملکت ہے دنیا کی کوئی طاقت کوئی ہستی اس کو مٹا نہیں سکتی۔ انشاءاللّٰہ یہ ملک بہت ترقی کرے گا اور وہ ملک کے لیے اپنی خدمات کو جاری رکھیں گے۔