ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا،خالد عراقی

May 30, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ28مئی پاکستان کے لئے ایک تاریخی دن ہے۔بھارت نے 13مئی 1998ء کو پانچ ایٹمی تجربات کئے جس کے جواب میں پاکستان نے سات ایٹمی تجربات کرکے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک اور کسی سے کم نہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انتظامی عمارت کی سبزہ زارپر یوم تکبیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ دن اس لئے بھی ہمارے لئے تاریخی دن ہے کیونکہ اس دن پاکستان پوری مسلم امہ کے لئے واحد نیوکلیئر پاوربن کراُبھراجو ہم سب کے لئے باعث فخرہے۔پاکستان کو ایٹمی تجربات سے روکنے کے لئے بین الاقوامی طاقتوں اور بالخصوص امریکہ کی جانب سے پاکستان پر ایٹمی تجربات نہ کرنے کے لئے شدید دباؤ تھااور ایٹمی تجربات نہ کرنے عوض دیگر فائدوں کے حصول کے لئے کہا گیا لیکن اس وقت قومی مفاد اور سالمیت کو مقدم رکھتے ہوئے تمام دباؤ اور فائدوں کو پس پشت ڈال کر کامیاب ایٹمی تجربات کئے گئے ایٹمی تجربات پرہر قسم کے سمجھوتوں کو یکسر مستردکردیاگیا۔