تین ماہ قبل کشتی ڈوبنے سے ہلاک ہونے والوں کی تلاش ختم کردی، اٹلی

May 30, 2023

اٹلی میں تین ماہ قبل کلابریا کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی کشتی حادثہ کا شکار ہو کر ڈوب گئی تھی۔ جس کے بعد کشتی میں سوار افراد کی تلاش جاری تھی تاہم اب روم سے اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ڈوبنے والوں کی لاشوں کی تلاش ختم کر دی گئی ہے۔

اطالوی حکام کے مطابق سمندر سے ملنے والی 48 لاشیں تدفین کیلئے افغانستان روانہ کی گئیں، جبکہ دیگر میتیں پاکستان، ایران، فلسطین اور تیونس بھیجی گئیں۔

اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ کچھ میتوں کو فن لینڈ، جرمنی اور اٹلی میں دفنایا گیا ہے۔

ادھر خبر ایجنسی کے مطابق تارکین وطن کی کشتی کے چٹان سے ٹکرانے کا حادثہ 26 فروری کو پیش آیا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق حادثے میں پاکستانیوں سمیت 100 سے زائد تارکین وطن جان سے گئے۔ کشتی کے 80 افراد کو بچا لیا گیا تھا جبکہ 6 افراد اب بھی لاپتا بتائےجا رہے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق پاکستانی سفارتخانے نے 16 پاکستانیوں کے بچ جانے اور 4 کے لاپتا ہونے کا بتایا تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والی لکڑی کی کشتی میں تقریباً 180 تارکین وطن سوار تھے۔