’میں منٹو نہیں ہوں‘ کی مرکزی اداکارہ کا نام سامنے آگیا

June 02, 2023

فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف ڈرامہ نگار، اداکار، شاعر اور ہدایتکار خلیل الرحمٰن قمر نے اپنے آنے والے ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کی مرکزی اداکارہ کا نام بتا دیا۔

ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

میزبان کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے آصف علی زرداری کی زندگی پر مبنی سوانح حیات لکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے مسلسل تعطل کا شکار اپنے آنے والے پروجیکٹ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کے حوالے سے گفتگو کی۔

خیال رہے کہ اس ڈرامے کے ہدایت کار ندیم بیگ اور مرکزی اداکار ہمایوں سعید ہوں گے جس کی تصدیق ڈرامہ نگار پہلے ہی کرچکے ہیں لیکن اداکارہ کے لئے مہوش حیات اور پھر مایا علی کے نام سامنے آئے تھے لیکن کسی خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

تاہم اب مرکزی اداکارہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروڈکشن ہاؤس نے انہیں سجل علی کا نام ظاہر کرنے سے منع کیا ہے۔ جس کے بعد اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں مرکزی اداکارہ سجل علی ہوں گی۔

خیال رہے کہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ پہلا ڈرامہ ہوگا جس میں اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ سجل علی ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔