بھارت: ٹرین حادثےمیں ہلاکتوں کی درست تعداد سامنے آ گئی

June 04, 2023

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی حکّام کا کہنا ہے کہ ریاست اڑیسہ کے ضلع بالاسور میں پیش آنے والے ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 288 نہیں 275 ہے۔

بھارتی حکّام نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاشوں کی گنتی میں کچھ کو 2 بار گن لیا گیا تھا، ابھی تک صرف 88 لاشوں کی شناخت ہو سکی ہے۔

بھارتی حکّام نے بتایا ہے کہ ٹرین حادثے میں 1175 افراد زخمی ہوئے ہیں اور حادثے کی شکار ٹرین کی بوگیوں میں پھنسے افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔

دوسری جانب ریسکیو حکّام کا کہنا ہے کہ بوگیوں سے مزید 5 لاشیں نکال لی گئیں اور ابھی مزید لاشیں ملنے کا امکان ہے۔

ریسکیو حکّام نے بتایا ہے کہ جائے حادثہ کے قریب موجود ایک اسکول کو مردہ خانے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

امدادی کارروائیوں کے دوران ہوئی لاشوں کی بے حرمتی کے مناظربھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں جنہیں دیکھ کر عوام شدید تنقید کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے بھارتی ریلوےحکّام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹرین حادثہ سگنل فیل ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔