کبھی بھی خواتین کا دلدادہ نہیں رہا: جاوید شیخ

June 05, 2023

جاوید شیخ—فائل فوٹو

پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے پلے بوائے امیج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کبھی بھی خواتین کا دلدادہ نہیں رہا۔

جاوید شیخ 90 کی دہائی میں شہرت کی بلندیوں پر تھے، اس وقت ان کا نام اُس وقت کی کئی معروف ہیروئنز کے ساتھ جوڑا جاتا تھا جبکہ ان کی اور اداکارہ نیلی کی جوڑی بھی کافی مقبول رہی۔

گزشتہ دنوں انہوں نے دورانِ انٹرویو صحافی کے ایک سوال پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی بھی عارضی تعلق پر یقین نہیں رکھتا بلکہ میں نے پہلی شادی فلم انڈسٹری میں باضابطہ قدم رکھنے سے قبل زینت منگی سے کی تھی۔

جاوید شیخ نے بتایا کہ اس وقت حالات ایسے ہوئے کہ میرا نام کسی نہ کسی کے ساتھ جوڑ دیا جاتا تھا لیکن کبھی ایسا نہیں ہوا کہ میں نے سیٹ پر کسی لڑکی کو چھیڑا یا کسی کا نمبر مانگا ہو۔

انہوں نے اداکارہ نیلی کے ساتھ گزرے وقت کو یاد کرتے ہوئے اسے بہترین قرار دیا اور کہا کہ اب تک کا سب سے بہترین رشتہ ان کے ساتھ ہی تھا تاہم آج میں ان سے رابطے میں نہیں اور دعا گو ہوں کہ آج اداکارہ نیلی جہاں بھی ہوں خوش ہوں۔

ایک اور سوال کے جواب میں جاوید شیخ نے کہا کہ میں بالکل صاف گو شخص ہوں جس نے کبھی کوئی بات چھپائی نہیں، میری ہر بات کا ہر کسی کو علم ہے۔