سی آئی اے کو نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن تباہ کرنے کے منصوبے کا علم تھا

June 07, 2023

نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن میں لیکیج کا منظر، فائل فوٹو

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ ہے کہ سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کو زیر سمندر نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن تباہ کرنے کے یوکرینی منصوبے کے بارے میں تین ماہ پہلے سے علم تھا۔

ایک یورپی ملک کی جاسوس ایجنسی نے سی آئی اے کو پچھلے برس جون میں مطلع کیا تھا کہ یوکرین کی اسپیشل آپریشنز فورسز روس سے جرمنی جانے والی نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن کو تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔

یہ انٹیلی جنس رپورٹ یوکرین میں موجود ایک شخص کی فراہم کردہ معلومات کی بنا پر تیار کی گئی۔

سی آئی اے نے یہ معلومات جرمنی اور دیگر یورپی ممالک سے پچھلے سال جون میں شیئر کیں۔

وائٹ ہاؤس ترجمان جان کربی نے پیر کو کہا تھا کہ نارڈ اسٹریم حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پچھلے سال ستمبر میں نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن میں دھماکے ہوئے تھے، یہ دھماکے سوئیڈن اور ڈنمارک کے اقتصادی علاقوں میں ہوئے۔