اسلامی ریاست میں امربالمعروف اور نہی عن المنکر کی اہمیت

June 09, 2023

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: ایک اسلامی ملک میں امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کی کیا اہمیت ہے، اختصار کے ساتھ اگر اپنی رائے کا اظہار فرمادیں۔

جواب:اسلامی ریاست معروف اور منکر کے تصورات پر کھڑی ہوتی ہے۔ اس کے تمام شعبوں کا مقصد خیر کا فروغ اور شر کی بیخ کنی ہوتا ہے۔ امام ابن تیمیہ ؒ اپنے فتاوی میں لکھتے ہیں: ’’جمیع الولایات الاسلامیۃ انما مقصودھا الامر بالمعروف والنہی عن المنکر‘‘ یعنی اسلامی حکومت میں تمام اختیارات کا مقصود امر بالمعروف اور نہی عن المنکرہے۔) (فتاویٰ ابن تیمیہ جلد ۲۸ ص۶۶ )

غورکیا جائے تو شعبہ جات کے علاوہ افراد بھی اسی فریضے کو انجام دے رہے ہوتے ہیں۔ علماء اور مصلحین دعوت واصلاح کا فریضہ انجام دیتے ہیں جوکہ امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کی ایک شکل ہے۔ صوفیاء بھی نرمی سے اس فریضے کو ادا کرتے ہیں جسے تصوف کہتے ہیں۔ مجاہدین بھی اس فریضے کو بروئے کار لاتے ہیں ،جسے جہاد کہتے ہیں۔

اس کے علاوہ اسلامی معاشرہ اپنے اقدار کے ذریعے اور ریاست قانون کے ذریعے منکر کا راستہ روکتی ہے، چنانچہ ریاست اگر منکر کے ارتکاب پر مجرم کو سزا دیتی ہے تو معاشرے میں بھی اسے لعنت وملامت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مجرم گھٹن اور بےچینی محسوس کرتا ہے۔ غرض اسلامی ریاست اور اس کے تمام شعبہ جات کی روح یہی خیر وشر کا فرق اور خیر کا پرچار اور شر کا انکار ہے۔