ڈاکٹر عامر لیاقت کی پہلی برسی، ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے ویڈیو پیغام جاری کردیا

June 08, 2023

پاکستانی ٹی وی میزبان و اسلامک اسکالر ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے اپنے مرحوم اور سابق شوہر ڈاکٹر عامر لیاقت کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی یاد میں ساتھی فنکاروں کے بیانات ریکارڈ کرکے جاری کردیئے۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر اسلامک اسکالر ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے اپنے مرحوم اور سابق شوہر، ڈاکٹر عامر لیاقت کی پہلی برسی کے موقع پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں انہوں نے سابق رکنِ قومی اسمبلی و میڈیا پرسن مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کے چند ساتھی فنکاروں کے ان کے حوالے سے خیالات کو ریکارڈ کرکے پیش کیا ہے۔

ان ساتھی فنکاروں میں اینکر پرسن مایا خان، اداکارہ بشریٰ انصاری، اداکار ساجد حسن اور اداکارہ یمنیٰ زیدی شامل ہیں۔

ان کے ساتھی فنکاروں نے مرحوم کی پہلی برسی پر انہیں یاد کرتے ہوئے ان کے لئے دعائے مغفرت کی اور ان کے لواحقین ، ان کے عزیز و اقارب اور ان کے چاہنے والوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ ہم ایسی شخصیت کو یاد کر رہے ہیں جن کو یاد کرتے ہوئے لوگ ان کی خصوصیات کو بھول جاتے ہیں جبکہ ہمیں چاہیئے کہ ہم جب کبھی کسی کو یاد کریں تو ان کی اچھائیوں کو یاد رکھا جائے اور غلطیوں کو بھول جائیں کیوں کہ انسان خطا کا پتلا ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے اپنے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے مذکورہ ویڈیو کا لنک شیئر کیا اور لکھا کہ ’وقت۔۔۔ کیسے گزرتا ہے اور کیا کیا رنگ دکھلاتا ہے پتہ ہی نہیں ہوتا۔۔۔ ایک سال بیت گیا آپ کے ہر دلعزیز عامر لیاقت حسین کو اس جہان فانی سے رخصت ہوئے۔۔۔ اللہ پاک کی ذات سے اس کے فضل اور کرم سے یہ یقین ہے کہ ان کو اللہ نے جنت کے باغوں میں رکھا ہوا ہوگا اور ہماری دعائیں ان کے درجات کی بلندی کا سبب بنتی رہیں گی انشاء اللہ، ایک بار محبت سے درود شریف پڑھ لیجیے گا اور دعاۓ مغفرت فرما دیجیئے گا‘۔

واضح رہے کہ عامر لیاقت گزشتہ برس 9 جون کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے، سابق رکنِ قومی اسمبلی مرحوم عامر لیاقت حسین کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد انتقال کی تصدیق کی تھی جبکہ ان کے ڈرائیور جاوید نے پہلے ہی موت کی تصدیق کردی تھی۔