کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے پر بھارت اور کینیڈا کے درمیان جاری کشیدگی کے حوالے سے ترجمان بھارتی وزارت خارجہ ارندام باغچی نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
بھارتی ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت فراہم کی جانے والی مخصوص معلومات دیکھنے کے لیے تیار ہے۔ ہمیں ابھی تک کینیڈا سے کوئی خاص معلومات موصول نہیں ہوئیں۔
ترجمان نے کہا کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے وزیراعظم مودی سے ان الزامات پر بات کی تھی۔ وزیراعظم مودی نے ان تمام الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا تھا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہم نے کینیڈا میں مقیم افراد کی مجرمانہ سرگرمیوں کے شواہد کینیڈا سے شیئر کیے تھے۔ کینیڈا کی جانب سے ان شواہد پر کوئی عمل نہیں کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ کینیڈا کی ساکھ دہشت گردوں، انتہا پسندوں اور منظم جرائم کی محفوظ پناہ گاہ کے طور پر بن رہی ہے۔ کینیڈا کو اپنی بین الاقوامی ساکھ کے بارے میں فکر کرنی چاہیے۔