• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈ شیرن نے 14 کلو وزن کم کرنے کی متاثر کن کہانی سنا دی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

عالمی شہرت یافتہ برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار ایڈ شیرن نے اپنی زندگی میں بڑی تبدیلی لا کر سب کو حیران کر دیا۔

ایڈ شیرن نے نیویارک سے شائع ہونے والے جریدے ’مینز ہیلتھ‘ کے دسمبر کے شمارے کے سرورق کے لیے نیا فوٹو سیشن کروایا ہے۔

ایڈ شیرن نے جریدے سے اپنی فٹنس ٹرانسفارمیشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ دس سال قبل وہ خود کو کبھی اس مقام پر سوچ بھی نہیں سکتے تھے، دس سال قبل وہ بیئر پینے والے، کباب پر کباب کھانے والے اور سگریٹ نوشی کرنے والے شخص تھے۔

گلوکار نے بتایا کہ ان کی زندگی میں اصل تبدیلی اس وقت آئی جب وہ والد بنے، ان کی پہلی بیٹی لائرا اگست 2020ء میں اور دوسری بیٹی جیوپیٹر مئی 2022ء میں پیدا ہوئی۔ 

ایڈشیرن کا کہنا تھا کہ بچوں کی پیدائش نے انہیں اپنی بری عادتیں چھوڑنے پر مجبور کر دیا، والد بننے کے بعد انہوں نے ورزش اور اعتدال کی زندگی کو سنجیدگی سے اپنایا۔

ایڈ شیرن نے ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جب ان کی بڑی بیٹی صرف دو ہفتے کی تھی، اُنہوں نے اپنے ایک دوست کے ساتھ شراب نوشی کی، جس کے بعد رات کو بیٹی کے جاگنے پر اِنہیں شدید تھکن محسوس ہوئی، اسی لمحے اُنہوں نے فیصلہ کیا کہ اگر وہ ایک ذمہ دار والد بننا چاہتے ہیں تو انہیں شراب نوشی چھوڑنی ہوگی۔

گلوکار نے کہا کہ فٹنس ناصرف ان کی ذات بلکہ پیشہ ورانہ زندگی کے لیے بھی ضروری تھی، اس سے پہلے وہ اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے اکثر زخمی ہو جاتے تھے، آواز بیٹھ جاتی تھی اور جسمانی طور پر بےحد تھک جاتے تھے۔

گلوکار کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران اُنہوں نے ماہرین کی نگرانی میں سخت ورزشوں کے ذریعے 14 کلو وزن کم کیا، اُنہوں نے جنوری 2025ء کا آغاز شراب نوشی مکمل طور پر ترک کر کے کیا تھا۔

ایڈشیرن نے یہ بھی کہا کہ میں ورزش جاری رکھے ہوئے ہوں اور اپنی صحت مند زندگی کے لیے بہترین فٹنس حاصل کرنا چاہتا ہوں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید