گوگل کا خودکار ’آرگنائز ٹیبز‘ فیچر پر کام جاری، جلد متعارف کروایا جائے گا

November 29, 2023

فائل فوٹو

اگر آپ کو گوگل کروم پر براؤزنگ کرتے ہوئے ایک سے زائد ٹیبز آرگنائز کرنے میں دشواری پیش آتی ہے تو اب پریشان نہ ہوں کیونکہ جلد گوگل ’آرگنائز ٹیبز‘ نامی نیا فیچر متعارف کروا رہا ہے جو اس مسلئے کو حل کر دے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے ’آرگنائز ٹیبز‘ نامی فیچر متعارف کروانے جارہا ہے جو فی الحال آزمائشی مراحل میں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لیوپیوا 64 نامی صارف نے اس حوالے سے پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے مختصر دورانیے کے مختلف کلپس کے ذریعے گوگل کروم کے اس نئے فیچر کے بارے میں تفصیل سے بتایا ہے۔

ان کے مطابق آرگنائز ٹیبز بٹن پر کلک کرنے پر اے آئی ٹیکنالوجی ممکنہ طور پر ان تمام اوپن ٹیبز کو مواد کے مطابق گروپس کی شکل میں منظم کردے گا۔

واضح رہے کہ مذکورہ فیچر ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے، اسے عام صارفین کے لیے پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کروم میں میموری یوز ایج نامی فیچر متعارف کرایا گیا تھا، جس سے صارفین کے لیے کمپیوٹر میموری کی مانیٹرنگ کرنا آسان ہو جاتا ہے۔