جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم کورٹ کی 3 رُکنی کمیٹی کو خط لکھ دیا

November 30, 2023

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی--- فائل فوٹو

جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج کرنے کے معاملے سے متعلق سپریم کورٹ کی 3 رُکنی کمیٹی کو خط لکھ دیا۔

خط کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت 184/3 کی درخواست 14 دن میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کے پابند ہیں، 20 اور 30 نومبر کو سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف 2 درخواستیں دائر کیں۔

جسٹس مظاہر نقوی نے خط میں کہا ہے کہ دونوں درخواستوں میں عدالت سے عبوری ریلیف کی استدعا کی گئی، درخواستیں دائر کرنے کے باوجود سپریم جوڈیشل کونسل میرے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ درخواست سماعت کے لیے مقرر نہ کرنا میرے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، میری درخواستیں سماعت کے لیے مقررکیے بغیر جوڈیشل کونسل کا فیصلہ آئین کے خلاف ہوگا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے خط میں کہا ہے کہ میری درخواستیں ایسے بینچ کے سامنے مقرر کی جائیں جس میں جوڈیشل کونسل کے ممبر نہ ہوں۔