پرائیویٹ افراد ٹریفک پولیس کی معاونت سے غیر قانونی پارکنگ چلا رہے ہیں، سندھ ہائیکورٹ

December 03, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹریفک منیجمنٹ کے ایم سی، ڈائریکٹر ٹریفک منیجمنٹ کے ڈی اے، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ ڈی آئی جی ٹریفک کو طلب کرلیا۔ جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ افراد ٹریفک پولیس کی معاونت سے غیر قانونی پارکنگ چلا رہے ہیں۔ غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ سندھ حکومت کا کام ہے کہ پارکنگ کے معاملات کو ریگولیٹ کرے۔ ان غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے عوام متاثر ہوتی ہے۔ عدالت نے ڈائریکٹر ٹریفک مینجمنٹ کے ایم سی، ڈائریکٹر ٹریفک میجمنٹ کے ڈی اے، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک کو 5 دسمبر کو طلب کرلیا۔ جسٹس ندیم اختر نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ بتایا جائے کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ کا دھندہ کیسے چلایا جارہا ہے۔ تمام افسران عدالت میں پیش ہوکر بتائیں کہ غیر قانونی پارکنگ کو کیسے روکا جا سکتا ہے۔ شہر میں ٹریفک کی روانی ایک اہم مسئلہ ہے۔ پرائیویٹ افراد ایسی جگہوں کو پارکنگ بناکر کر استعمال کررہے ہیں جس کی اجازت نہیں ہے۔