دو ریاستی حل کو تسلیم کرنا مقاصد تشکیل پاکستان سے انحراف ہوگا، فضل الرحمان

December 06, 2023

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ دو ریاستی حل کو تسلیم کرنا مقاصد تشکیل پاکستان سے انحراف ہوگا، قائد اعظم نے اسرائیل کو یورپ کا ناجائز بچہ قرار دیا تھا۔

اسلام آباد میںحرمت مسجد اقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امت حکمرانوں کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دے گی، اگر حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا تو عوام ان کے خلاف بغاوت کریں گے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، 1970 میں لاہور میں قرارداد پاکستان پاس ہوئی، قرار داد میں کہا اسرائیل کا فلسطین کی سر زمین پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے، دنیا میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات ہو رہی تھی آج فلسطین کی آزادی کی بات ہورہی ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ امریکا جہاں خود ظلم کرتا ہے اس کا نام انصاف رکھ لیتا ہے، امریکا نے ہیرو شیما ناگاساکی پر ایٹم بم گرائے انصاف کی بات کیسے کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8 دسمبر کو ملک بھر میں یوم حرمت اقصیٰ منایا جائے گا، نینشنل کانفرنس کے اعلامیہ کی حمایت کرتے ہیں، بیت المقدس ہمارا ہے، فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، برطانیہ کے عوام نے غزہ میں قتل عام کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا۔