لاہور: اسموگ SOPs کی خلاف ورزی پر کیفے سیل کرنے کا حکم

December 08, 2023

---فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے جوہر ٹاؤن کے کیفے کو فوری سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے خلاف ورزی کرنے والے کیفے پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

ایل ڈی اے ک وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لاہور کے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش 25 دسمبر تک مکمل ہو گی۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اس کو جلدی مکمل کریں 25 دسمبر بہت دور ہے، 9 انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کے باعث ٹریفک جام رہتا ہے، بغیر اجازت کیفے چلانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ دن میں بھی انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کی اجازت دیتا ہوں تو پھر کتنے دن لگیں گے؟ مشاورت کریں اور انڈر پاسز کی تزئین و آرائش جلد مکمل کرنے کی حتمی تاریخ دیں، کیا سی بی ڈی نے کوئی ایک گرین پروجیکٹ شروع کیا ہے؟ یہ بلند و بالا عمارتیں کھڑی کر رہے ہیں۔

جوڈیشل واٹر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ سی بی ڈی نے پہلی میٹنگ میں کہا تھا کہ گرین پروجیکٹ شروع کریں گے۔

بعد ازاں عدالت نے گرین پروجیکٹ سے متعلق سی بی ڈی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔