ڈبلیو ایچ او نے محکمہ صحت سندھ کو 25 جدید موٹربائیکس ایمبولینسز فراہم کردیں

February 15, 2024

--- فائل فوٹو

نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے 25 جدید موٹربائیکس ایمبولینسز فراہم کی ہیں۔

کراچی میں ڈبلیو ایچ او کے تحت محکمہ صحت کو گاڑیاں اور سامان دینے کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے شرکاء سے خطاب کیا۔

نگراں وزیرصحت سندھ کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے میں آٹومیشن کی ضرورت ہے، ہمارا فوکس سندھ میں پرائمری کیئر پر ہونا چاہیے۔

انہوں نے صوبے میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں آگ بجھانے کے آلات نہیں ہیں، کراچی میں 7 ڈرگ انسپیکٹرز ہیں ان کو ٹرانسپورٹ کے ایشوز ہیں۔ اسپتالوں میں 30 سے 40 فیصد اسٹاف کی کمی ہے۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا کہنا ہے کہ میں اپنے 6 مہینوں کا آڈٹ دینے کو تیار ہوں، ادویات کی قلت کی بڑی وجہ امپورٹس پر پابندی ہے، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا تھا تو بلیک میں فروخت ہورہی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ وفاق کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر کام ہو رہا ہے۔