غیر ملکی پریزینٹر ایرن ہالینڈ نے ملتان میں کس خاص جگہ کا دورہ کیا؟

February 26, 2024

--- تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان سُپر لیگ کی پردیسی پریزینٹر ایرن ہالینڈ نے پاکستان آ کر دیسی انداز اپنا لیا۔

خیال رہے کہ ایرن ہالینڈ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن سے ساتھ ہیں اور ان دنوں پی ایس ایل کے 9ویں ایڈیشن کے سلسلے میں پاکستان میں ’اولیاء کی سر زمین‘ یعنی ملتان میں ہیں اور بھرپور لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایرن ہالینڈ نے خاص جگہ سے چند تصاویر شیئر کی ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں اسپورٹس پریزینٹر کو برگنڈی ٹراؤزر شرٹ اور سر پر ڈوپٹہ لیے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ان کے پس منظر میں نظر آنے والی جگہ دھندلی ہے۔

مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’ملتان میں کسی خاص جگہ پر گئی‘ ۔

اگرچہ ایرن ہالینڈ نے مذکورہ پوسٹ میں اپنے اس دورے کے بارے میں زیادہ تفصیلات شیئر نہیں کیں تاہم ان کی انسٹااسٹوریز نے سب کچھ بیان کر دیا۔

انہوں نے انسٹا اسٹوری میں بھی مذکورہ جگہ سے دیگر تصاویر و مختصر ویڈیو شیئر کی ہیں اور یہ خاص جگہ صوفی بزرگ شیخ السلام ابوالفتح جناب شیخ رکن الدین سہروردی کا مزار ہے جسے عام طور پر شاہ رکن عالم سے جانا جاتا ہے۔

انہوں نے انسٹااسٹوری کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں شاہ رکن عالم کی درگاہ کو دیکھنے کے لیے تیار ہوں‘۔

واضح رہے کہ مذکورہ مزار کو بہت عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جو بھی ملتان سیاحیت کی غرض سے جاتا ہے وہ اس مزار پر بھی حاضری ضرور دیتا ہے۔