عمر ایوب کی تقریر کے بلیک آؤٹ کی مذمت کرتے ہیں، بیرسٹر گوہر خان

March 03, 2024

اپوزیشن رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمر ایوب کی تقریر کے بلیک آؤٹ کی شدید مذمت کی۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہمارا لیڈر اور ہماری بہنیں اب تک جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی تقریر براہ راست نشر کی گئی، عمر ایوب کی تقریر کاٹی گئی، وزارتِ عظمیٰ کے ہمارے امیدوار کے بلیک آؤٹ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اپوزیشن رہنما نے مزید کہا کہ تحفظات کے باوجود ہم جمہوری عمل میں حصہ لے رہے ہیں، اس کے باوجود عمر ایوب کی تقریر میں رکاوٹ پیدا کی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے تقریباً ایک گھنٹہ تقریر کی اسے لائیو دکھایا گیا، کل بھی ہمارے ساتھ یہی سلوک ہوا تو ان کے ساتھ چلنا مشکل ہوگا۔