کراچی میں کل آندھی کے ساتھ بارش متوقع

April 12, 2024

—فائل فوٹو

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کل سے آندھی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر مسلسل اثر انداز ہے، یہ سسٹم آج سے ملک کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں داخل ہو جائے گا۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ 13 اور 14 اپریل کو کراچی، سکھر، لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر مقامات پر آندھی اور بارش متوقع ہے۔

سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان: مغربی سسٹم اثر انداز، تیز ہوائیں اور بارش

ادھر شمال مشرقی بلوچستان میں مغربی موسمی سسٹم اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے۔

طاقت ور مغربی موسمی لہر بلوچستان کے شمال سے داخل ہونے سے قلعہ عبداللّٰہ، پشین، خانوزئی، مسلم باغ، زیارت اور سنجاوی میں غیر معمولی طوفانی ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں، جب کہ چمن، مالاکنڈ، زیارت، کوژک ٹاپ اور شیلا باغ میں تیز بارشیں شروع ہو گئیں۔

تیز آندھی اور طوفانی بارشوں سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے موسم کی صورتِ حال پر ہائی الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی ہوائیں جنوب سے شمال میں پاک افغان بارڈر سے ٹکرائیں گی۔

پی ڈی ایم اے نے موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے سیلابی صورتِ حال کا امکان ظاہر کرتے ہوئے صوبے بھر میں تمام ضلعی ڈپٹی کمشنرز کو وارننگ جاری کی ہے۔

لاہور میں بھی کل بارش کا امکان

ادھر لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے البتہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال ، ڈی جی خان، بھکر، لیہ اور ملتان میں آندھی متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

محکمۂ موسمیات نے لاہور میں کل بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔