’اداس‘ ملازمین کیلئے چینی کمپنی نے 10 روز کی چھٹیاں متعارف کرادیں

April 18, 2024

---فائل فوٹو

بھاگتی دوڑتی زندگی کے دوران اگر آپ تھک گئے ہیں اور جذباتی طور پر خود کو اداس محسوس کر رہے ہیں تو اب آپ دفتر سے باقاعدہ طور پر ’اداس چھٹیوں‘ کا فائدہ بھی اٹھا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ سہولت صرف چین کی ایک کمپنی کی جانب سے اپنے ملازمین کے لیے متعارف کروائی گئی ہے۔

جی ہاں! چین کی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو چین اور اطمینان فراہم کرنے کے لیے ایک ایسی انوکھی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کی خواہش یقیناً دنیا کا ہر ملازم رکھتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کی ایک ریٹیل کمپنی نے اپنے ملازمین کی بہتر ذہنی صورتحال کے پیشِ نظر اعلان کیا ہے کہ اگر وہ اداسی محسوس کر رہے ہیں تو 10 دن کی چھٹیاں لے کر گھر پر آرام کرسکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی کی اس انوکھی پالیسی کا مقصد کام اور زندگی کے دیگر معمولات میں توازن قائم کرنا ہے۔

ریٹیل چینی کمپنی ’پینگ ڈونگ لائی‘ کے بانی اور چیئرمین یو ڈونگلائی نے اس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہر کسی کی زندگی میں اداسی کے لمحات آتے ہیں، لہٰذا اگر آپ ناخوش یا اداس ہیں تو آپ کام پر نہ آئیں، آپ کی اداسی سے متعلق چھٹیوں کی درخواست کو انتظامیہ مسترد نہیں کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم اپنے ملازمین کو تندرست، توانا اور مطمئن دیکھنا چاہتے ہیں جس کا کمپنی کو بھی فائدہ ہوگا۔

چیئرمین یو ڈونگلائی نے اپنے ملازمین سے کہا ہے کہ’ملازمین اب اپنی سہولت کے مطابق 10 دن کی چھٹی کی اضافی درخواست دینے کے اہل ہیں، یہ چھٹیاں 20 سے 40 دنوں کی سالانہ اور ہفتہ وار چھٹیوں کے علاوہ ہوں گی۔‘

واضح رہے کہ چین میں دفتروں پر عدم اطمینان اور بے چینی سے متعلق 2021ء میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق 65 فیصد ملازمین کام کی جگہوں پر تھکاوٹ اور اداسی محسوس کرتے ہیں۔