کینیڈا: پہلے عالمی پروین شاکر ادبی میلے کا انعقاد 20 اپریل کو ہوگا

April 19, 2024

--- جنگ فوٹو

پہلا بین الاقوامی پروین شاکر ادبی میلہ بروز ہفتہ 20 اپریل کو ٹورانٹو میں منعقد کیا جائے گا۔

اس میلے میں پاکستان، امریکا اور کینیڈا سے دانشور، ادیب اور شاعر شرکت کر رہے ہیں۔

نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کے صاحبزادے سید مراد علی نے کہا کہ ادبی میلے میں پروین شاکر کی زندگی اور شاعری پر گفتگو ہوگی اور ان کی شاعری بھی پڑھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا اور پاکستان کے ادبی رشتوں پر بھی بات کی جائے گی اور آخر میں عالمی مشاعرے کا انعقاد ہوگا۔

سید مراد علی نے بتایا کہ پاکستان سے پروین قادر آغا، حمیدہ شاہین، ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن اور مظہر الاسلام آرہے ہیں جبکہ دیگر مقررین اور شاعروں میں ناظم الدین مقبول، ڈاکٹر اسد نصیر، ڈاکٹر سید تقی عابدی، کرامت اللہ غوری، نسرین سید، ردا فاطمہ، اعجاز شفیع، ذکیہ غزل، ڈاکٹر احمد ندیم رفیع، اسما وارثی، پروین سلطان صبا، درخشاں صدیقی، جنید اختر، عاصم جاسر اور بشارت احمد ریحان شامل ہیں۔

قونصل جنرل آف پاکستان خلیل باجوہ اور ارکان کینیڈین پارلیمنٹ اقرا خالد اور شفقت علی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔