سعودی سرمایہ کاری سے کمزور معیشت کو سہارا ملے گا‘ مولانا تراب

May 07, 2024

کوئٹہ (پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سینئرنائب امیر ڈاکٹرمولانا علی محمد ابوتراب نے پاکستان کے دورے پر آئےسعودی عرب کے تجارتی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے معاہدوں سے پاکستان کی کمزور معیشت کو سہارا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، ہم امید کرتے ہیں کہ مزید دوست ممالک بھی پاکستان کا معیشت کی بحالی میں ساتھ دیں گے ۔ انہوں نے کہا دونوں برادر ممالک ستر سال پر محیط دیرینہ اور مضبوط تعلقات رکھتے ہیں۔ 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے حوالے سے 30 کمپنیوں کے نمائندوں کی تین روزہ کانفرنس پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ترقی کی راہوں کی طرف رہنمائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی حالت زار اور ملکی معیشت کو درست کرنے کے لئے بھی حقیقی اقدامات کرنے ہونگے کیونکہ موجودہ حکمرانوں نے الیکشن کے موقع پر عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کرنا حکومت وقت کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔