تعیناتیاں میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کی جائیں، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

May 08, 2024

کوئٹہ(پ ر) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر صبور کاکڑ نےکہا ہے کہ حکومتی ارکان کی جانب سے وزارتوں کی مبینہ خرید و فروخت کے حالیہ دعوؤں کے بعد ڈاکٹرز کمیونٹی تشویش میں مبتلا ہے جس کی بُنیادی وجہ یہ ہے کہ محکمانہ انتظامی ذمہ داریوں کا مبینہ طور پر میرٹ، کارکردگی یا مہارت کی بنیاد پر دیئے جانے کے بجائے پیسوں کے عوض بکنے کی خبریں زبان زد عام ہیں۔ یہ پریشان کن صورتحال پورے نظام کی سالمیت کو نقصان پہنچارہی ہے اور حکومتی منصوبوں کی شفافیت پر شکوک و شبہات کو جنم دیتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اس مکروہ کام کوانجام دینے کے لیے بروکرز کے سرکاری دفاتر ، بازاروں اور نجی محفلوں میں مختلف ناموں سے سرگرم عمل ہونے کی مبینہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جس کے مطابق وزیروں کے فرنٹ مین سے طے شدہ معاملات کے بعد زیادہ رقم ادا کرنے والے کو من پسند ادارے میں من پسند منصب اور اختیارات تفویض کیے جا رہے ہیں۔ ایسے اقدمات نہ صرف حکومت کے کارکردگی پر سوالیہ نشان بننے کا باعث بنی گی بلکہ کمیشن اور کرپشن کی نئی داستانیں رقم کر کے نئی قائم شدہ حکومت کی جگ ہنسائی کا ذریعہ بنے گی ۔ ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا تمام تعیناتیاں میرٹ، اہلیت اور کردار کے لیے موزوں ہونے کی بنیاد پر کی جائیں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرتی ہےجہاں افسران کی تعیناتی میرٹ، اہلیت اور قابلیت کے بجائے پیسوں کے بل بوتے پر کی جائے ۔