ہیلتھ کیئر کمیشن نے ریکارڈ فراہمی کیلئے15مئی تک مہلت مانگ لی

May 08, 2024

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے چار سالہ ریکارڈ کی فراہمی کے لئے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) سے 15 مئی تک مہلت مانگ لی۔ یاد رہے کہ کے پی آر اے نے خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کو خیبر پختونخوا سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2022 ء کے تحت جولائی 2019ء سے جون 2023 ء تک اخراجات، پراگرس رپورٹ اور مالی گوشواروں، ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کے اشتراک سے ہیلتھ کیئر کمیشن کے پراجیکٹ کے اسسرز کے کنٹریکٹ کی نقول، پچھلے پانچ سالوں کی بورڈ میٹنگز کے منٹس کی نقول کی عدم فراہمی اور اتھارٹی کو غلط معلومات دینے پر26 اپریل کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور ریکارڈ کی عدم فراہمی کو خیبر پختونخوا سیلز ٹیکس سروسز ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا تھا جس کے تحت جرمانے اور قید کی سزا مقرر ہے۔کمیشن کو ایکٹ کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی پر اتھارٹی کے مجاز حکام کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔کمیشن نے ریکارڈ کی فراہمی کی بجائے کے پی آر اے سے 15 مئی تک مہلت مانگ لی ہے اس سلسلے میں اتھارٹی سے باضابطہ تحریری رابطہ کرلیا ہے۔