وزیر اعظم کا عزم

May 23, 2024

بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجوہ دور کرنے کے لئے ساختی رکاوٹیں ہٹانے،کاروبار میں آسانی پیدا کرنے، روزگار کے مواقع بڑھانے، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام، غذائی رسد میں تعطل کے خاتمے اور دور رس معاشی اصلاحات کرنے سے عام آدمی کے مسائل گھٹانے میں یقیناً مدد ملتی ہے جس کا وزیر اعظم شہباز شریف کو شدت سے ادراک ہے ۔انہوں نے ملکی اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات میں اقتصادی ماہرین اور نجی شعبے سے مشاورت کو کلیدی اہمیت دینے کا فیصلہ اورآئندہ بجٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو مزید سہولتوں کی فراہمی اور عام آدمی پر ٹیکس کی شرح کو کم کرکے ٹیکس دہندگان کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اقتصادی مشاورتی کونسل کے پہلے اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے۔ گورننس کے ذریعے اس کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ الحمد للہ ملک کی معاشی صورت حال پہلے سے بہتر ہے۔ ملکی معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور کاروبار و سرمایہ کاری میں وسعت کے لئے پہلے دن سے نجی شعبے کو سہولیات دینا ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے بیرونی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو پاکستان میں ویزا کے حصول میں تمام رکاوٹیں دور کرنے اور برآمدات میں اضافے کے لئے مفصل سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات بھی دیں ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ کسانوں کو فی ایکڑ پیداوار میںاضافے کے لئے معیاری بیج اور بروقت کھاد فراہم کریں گے اور زرعی پیداوارکو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے درمیانے اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کو فروغ دیں گے۔ ملکی معیشت میں بہتری اور عام آدمی کی بھلائی کی طرف بڑھنے کے حکومتی دعوے اپنی جگہ تاہم عام آدمی ، مزدور، کسان اور پسے ہوئے طبقوں کا دکھ دورکرنے کے لئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔