لاہوربورڈ، چانس ختم ہونے کے بعد آئی ٹی سسٹم میں داخلہ فارموں کی وصولی

May 26, 2024

لاہور( رب نواز خان )تعلیمی بورڈ لاہور کاآئی ٹی سسٹم امیدواران کے آخری چانس ختم ہونے کے بعد بھی طلبہ کےداخلہ فارم جمع کرنے لگا۔ ورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور میںنویںسے لیکر بار ہویں جماعت کے طلبہ آن لائن داخلہ فارم جمع کرواتے ہیں جس کے ذریعے بورڈ کا آئی ٹی سسٹم ابتدائی معلومات دینے کے بعد طلبہ کا ڈیٹ ازخود اٹھا لیتا ہے اور امتحانات میںشرکت کے لیے داخلہ فارم آن لائن جمع کرنےپر از خود فیس کا چالان آن لائن بنا دیتاہے جس کے بعد فیس جمع کروا کر طالب علم امتحانات میںشرکت کا اہل ہو جاتا ہے۔ ایک یا دو مضامین میںفیل طلبہ کو آئندہ امتحانات میں پارٹ ٹو کے ساتھ ان فیل مضامین کو بھی از خود شامل کرلیتا ہے،تاہم حیران کن امر یہ ہے کہ آن لائن سسٹم میںفنی خرابی یا کمپیوٹر پروگرامنگ میں سقم کے باعث لاہور بورڈ کا آن لائن سسٹم ایسے طلبہ جن کے امتحانات میںشرکت کے تمام چانس ختم ہو چکے ہیں ان کا فارم بھی قبول کر لیتا ہے اور فیس چالان بنا دیتا ہے۔ ایسے بعض طلبہ امتحانات میں شرکت کے لیے امتحانی مراکز بھی پہنچ جاتے ہیں اور انہیں وہاں سے امتحانی عملہ کو کہہ کر امتحانات میں شرکت سے روکا جا تا ہے ۔ بعض طلبہ نے اس حوالےسے پنجاب حکومت کو تعلیمی بورڈ لاہور کے حوالےسے شکایت کی ہے جس پر پنجاب حکومت کے اعلی حکام نے لاہور بورڈ سے جواب طلبی کر لی ہے۔ اس بارے میں بورڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپیوٹر سسٹم غلطیوں سے پاک ہے تاہم اس بارے میں پروگرامرز سے مزید استفسار کریں گے۔