اداکار گوہر رشید نے گرمی پر قابو پانے کا آسان طریقہ بتادیا

May 30, 2024

--- فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار گوہر رشید نے گرمی پر قابو پانے کا آسان اور موثر طریقہ بتا دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کو گرمی پر قابو پانے کا آسان طریقہ بتایا ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں انہیں کہتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ میں اس وقت لاہور میں ہوں، یہاں کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ گرمی آلو بخارے کا شربت پی کر، گنے کا جوس پی کر یا پھر ٹھنڈی ٹھنڈی لسّیاں پی کر تو کبھی کم نہیں ہوگی۔

اداکار کے مطابق گرمی کی شدت کم کرنے کا آسان طریقہ میں آپ کو بتاتا ہوں۔ اداکار نے یہ کہتے ہوئے اپنے کیمرے کا رخ بدلا اور عین ان کے پیچھے ایک درخت دکھائی دیتا ہے۔

گوہر رشید اس درخت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اسے درخت کہتے ہیں اسے لگائیں گے تو گرمی کم ہوگی ورنہ تو بیڑا غرق ہے۔

اداکر کی ویڈیو پر صارفین تبصرہ کرتے ہوئے ان سے اتفاق کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ساتھی اداکارہ کبریٰ خان نے کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ کچھ بھی کہہ سکتا تھا، لیکن اس نے حقائق بیان کرنے کا انتخاب کیا۔