منیٰ سے باہر دم شکر ادا کرنے والے کا حکم

June 07, 2024

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:1.ایک شخص نے منیٰ سے باہر قربانی کی تو اس کا کیا حکم ہے؟

2.اگر اس پر دم واجب ہے اور وہ حج سے واپس آگیا ہے تو دم اپنے ملک میں ادا کرے یا حدودِ حرم یا منیٰ میں کسی کو رقم دے کر دم ادا کرے؟

جواب:1،2۔ حجِ قران (حج وعمرہ دونوں کی اکٹھے نیت کرنا)اور حج تمتع (عمرہ کرکے پھر حج کی نیت )کرنے والے کے لیے ایامِ نحر (10،11،12 ذوالحجہ) میں حلق (سرمنڈوانے) یا بال کٹوانے سے پہلے منیٰ یا حدود حرم میں یہ قربانی(دم شکرادا) کرنا واجب ہے، لہٰذا اگر کسی شخص نے منیٰ میں قربانی نہیں کی، لیکن حدودِ حرم کے اندر قربانی کی تو دمِ شکر کی قربانی ادا ہوجائے گی۔

لیکن اگر کسی شخص نے حدودِ حرم میں قربانی نہ کی اور حلق کرواکر احرام کھول دیا اور اپنے ملک واپس آگیا اب ایسے شخص پر تین دم لازم ہوں گے، ایک دمِ شکر، اور دو دم جنایت، ایک دم اس لیے کہ اس شخص نے حدودِ حرم میں قربانی میں تاخیر کردی اور دوسرا دم اس بناء پر کہ حدودِ حرم میں قربانی سے قبل اس شخص نے حلق کروادیا۔

اب یہ تینوں دم حدودِ حرم میں ذبح کروانے لازم ہیں، چاہے خود اس کا انتظام کرے یا وہاں کسی کو اپنا وکیل بنادے دونوں صورتیں جائز ہیں، اپنے ملک میں ادا کرنے سے دم ادا نہیں ہوگا۔