لاہور (نیوزرپورٹر/جنگ نیوز)ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں سیلاب سے تباہی ‘قریبی علاقے میں شگاف سے درجنوں بستیاں زیر آب ‘ کمال ڈیرو کے قریب دریائے سندھ میں متاثرین کی کشتی اُلٹنے سے پانچ افراد ڈوب گئے جس کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سب کو بچالیا‘پنجاب میں تباہی مچانے کےبعد سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہونا شروع ‘کندھکوٹ کےکچے کےتمام علاقے ڈوب گئے ‘شہروں سے رابطہ منقطع‘ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ‘ حفاظتی بندوں پر بھی دباؤ بڑھنے لگا‘گڈو بیراج پر سیلاب کی سطح مزید بلند ہونے لگی ہے جس پر سندھ حکومت نے الرٹ جاری کردیا ہے۔دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے پر نوشہرو فیروز میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث کئی بستیاں پانی سے زیر آب آگئی ہیں جبکہ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے لگے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیلاب کی دوسری لہر پنجند پہنچ گئی، پنجاب سندھ سرحد کی دریائی پٹی پر تباہی مچنے لگی‘دریائی پٹی کے متعدد دیہات کے زمینی رابطے منقطع ہو گئے، فصلیں برباد ہو گئیں، منچن آباد کے نواحی علاقے لالیکا کے قریب بستی مموکا میں کشتی الٹنے کے باعث ڈوب کر لاپتہ ہونے والے دو نوجوانوں کی لاشیں مل گئی ہیں، جلالپور پیر والا میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔