ملک میں 68 لاکھ جانوروں کی قربانی کا اندازہ ہے، پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن

June 14, 2024

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن نے عید قربان کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک میں 68 لاکھ 8 ہزار جانوروں کی قربانی کا اندازہ ہے۔

کراچی سےپاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) کے مطابق 33 لاکھ بکرے اور ساڑھے 28 لاکھ گائے ذبح ہونے کا تخمینہ ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق ایک لاکھ 65 ہزار بھینسیں اور 99 ہزار اونٹ بھی عید قرباں پر ذبح ہونے کا اندازہ ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق ملک میں 3 لاکھ 85 ہزار بھیڑوں کے بھی قربان ہونے کا تخمینہ ہے۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن نے کہا گائے کی کھال 1500 اور بکرے کی کھال 425 روپے رہنے کا اندازہ ہے۔ گائے کی کھالیں 4 ارب 29 کروڑ روپے تک رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ بکرے کی کھالیں 1 ارب 40 کروڑ 25 لاکھ روپے تک رہیں گی۔

سابق صدر پی ٹی اےمحمد دانش خان نے کہا جانور مہنگے ہیں، حصہ ڈال کر قربانی کرنا اس سال زیادہ رہے گا۔ پی ٹی اے کے اندازوں میں 10،15فیصد کمی بیشی کی گنجائش ہے۔

محمد دانش خان نے کہا قربانی کے جانوروں کی کھالیں 6 ارب روپے کی ہونگی۔ کیمیکل پروسیسنگ کے بعد کھالوں کی مالیت 18 ارب روپے ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ چمڑا ویلیو ایڈ ہو کرجیکٹ، جوتا یا کچھ اور بناکر بیچیں تو مالیت 35 ارب روپے تک پہنچےگی۔