نجی شعبہ کو سیاحت انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، مشیر سیاحت

June 25, 2024

پشاور ( جنگ نیوز )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے سیاحت کے فروغ میں نجی شعبے کو بھرپور انداز میں شرکت کیلئے مدعو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نہ صرف منافع بخش کاروبار بلکہ تخلیقی اور صحت مند صنعت ہے جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحوں کی دلچسپی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس ضمن میں دیگر شعبوں کی طرح ٹرانسپورٹرز کی بھی ہر طرح حوصلہ افزائی کرے گی اور انکی سرمایہ کاری کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اس امر کا اعلان انہوں نے ممتاز ٹرانسپورٹر اور نیازی ایکسپریس کے چیف ایگزیکٹیو فاروق اعظم نیازی سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے اچھی ساکھ کے حامل بعض ٹرانسپورٹرز کی معیت میں ان سے انکے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کیلئے اپنی خدمات پیش کیں۔ اس موقع پر مشیر سیاحت نے نجی شعبے کے زیر اہتمام صوبے کے مختلف صحت افزاء مقامات کیلئے معیاری اور سستے گروپ سیاحتی ٹورز کیلئے ٹرانسپورٹرز کو لائسنس بھی دیئے۔ ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی حکومت دیگر شعبوں کی طرح ٹرانسپورٹرز کی بھی سیاحت کیلئے ہر طرح حوصلہ افزائی کرے گی۔