صوبائی وزراء کا سوات گندم گودام کا اچانک دورہ

June 25, 2024

پشاور(وقائع نگار)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے صوبائی وزیر جنگلات فضل حکیم یوسفزئی کے ہمراہ گزشتہ روز سوات گندم گودام کا اچانک دورہ کیا اور گودام میں صوبائی حکومت کی جانب سے گندم خریداری مہم کے ذریعے خریدی گئی گندم کے معیار کا جائزہ لیا۔اس موقع پر صوبائی وزراء کو ضلعی محکمہ خوراک کے افسران نے گندم خریداری کے عمل اور ذخیرہ کی گئی گندم کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزراء نے گودام میں ذخیرہ کی گئی گندم کے معیار اور اس کی حفاظت کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے شہریوں کے بہتر مفاد میں گندم خریداری کا فیصلہ کیا تھا ان کا کہنا تھا کہ گندم خریداری سے نہ صرف آٹا سستا ہوگیا بلکہ مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں کمی واقع ہوئی اور صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملی۔ظاہر شاہ طورو نے مزید کہا کہ حکومت کی اس اقدام سے نہ صرف مقامی بلکہ پنجاب کے کاشتکاروں کو بھی فائدہ پہنچا ہے اور وہ اپنی پیداوار کو بہتر قیمت پر فروخت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کی بروقت خریداری اور مناسب ذخیرہ اندوزی کے اقدامات سے عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہوگا۔