عباسی اسپتال کے ایم ایس کا ہیٹ ویو سے ہلاکتوں کو مشتبہ قرار دینے کا دعویٰ

July 03, 2024

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) عباسی شہید اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ عباسی شہید اسپتال میں اب تک جتنی بھی ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں وہ سب گرمی اور لُو کی مشتبہ ہلاکتیں کہلائیں گی کیونکہ یہ تمام افراد عباسی میں مردہ حالت میں لائے گئے اور ان کے اہل خانہ سے حاصل معلومات کے مطابق انہیں گرمی لگی اور ان کے جسم گرم تھے اس لئے یقین کے ساتھ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ ہلاکتیں گرمی سے ہوئی ہیں اس کے لئے پوسٹ مارٹم کرنا پڑے گا جس کی اہل خانہ اجازت نہیں دیتے تھے۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ عباسی شہیدا سپتا ل کے فوکل پرسن کی جانب سے یہ ہلاکتیں ہیٹ ویو کی قرار دے کر ہمیں ان کا ڈیٹا فراہم کیا جاتا رہا اور ہم ان کے نام ، ولدیت، عمراور علاقے کے ساتھ اپنے ڈیٹا میں شامل کرتے رہے تاہم عباسی شہید اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر جاوید اقبال نے اسے اسپتال کے فوکل پرسن کی غلطی قرار دے دیا۔ اس صورتحال نے گرمی اور لُو سے عباسی شہید اسپتال میں ہونے والی 23ہلاکتوں کو مشکوک بنا دیا ہے اور محکمہ صحت سندھ نے چوبیس گھنٹوں کی ہلاکتوں اور کیسز کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔